ARTICLE AD BOX
حادثے کے بعد ٹرین کو لاکھا روڈ ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا، ریلوے اتنظامیہ کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
شائع 15 مارچ 2026 03:51pm
کراچی سے لاہور جانے والی شالیمارایکسپریس ٹریک پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی جب کہ حادثے کے بعد ٹرین کو لاکھا روڈ ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا، ریلوے اتنظامیہ کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اتوار کے روز سکھر ڈویژن لاکھا روڈ اسٹیشن کی ریلوے لوپ لائن پر کھڑی مال گاڑی اور کراچی سے لاہور جانے والی 27 اپ شالیمار ایکسپریس کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا تاہم حادثے میں خوش قسمتی سے عملہ اور مسافر محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
حادثے کے باعث شالیمار ایکسپریس کا انجن، سامان اور بوگیوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ تیز رفتار شالیمار ایکسپریس کا انجن مال گاڑی کے ڈبوں میں دھنس گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مال گاڑی پہلے سے لوپ لائن پر کھڑی تھی کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والی شالیمار ایکسپریس اس سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ریلوے کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہے جب کہ گارڈ کو کافی مشکل کے بعد بوگی سے باہر نکالا گیا۔
حادثے کے فورا بعد ریلوے انتظامیہ نے فوری طور پر ریلیف اقدامات شروع کر دیے۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد فوری طور پر ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے تاکہ متاثرہ مسافروں کو آگے پہنچایا جا سکے اور ریل کا معمول کا نظام بحال کیا جا سکے۔
بعد ازاں لاکھا روڈ اسٹیشن پر شالیمار ایکسپریس حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی تاہم سامنے آنے والی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ حادثے کا ذمہ دار ریلوے عملہ نکلا۔
رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر نے لوپ لائن پر پہلے سے کھڑی مال گاڑی کے باوجود پیچھے سے آنے والی شالیمار ایکسپریس کو اسی ٹریک پر بھیج دیا۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت شالیمار ایکسپریس کی رفتار تقریباً 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، جس کے باعث تصادم شدید نوعیت اختیار کر گیا اور مال گاڑی و انجن کو خاصا نقصان پہنچا۔
ریلوے حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید انکوائری شروع کر دی ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
.png)
1 hour ago
2




English (US) ·