ARTICLE AD BOX
پاکستان کی سینیئر اداکارہ عصمت زیدی نے ڈرامہ انڈسٹری میں سینیئرز کے ساتھ ہونے والے برے سلوک اور غیر پیشہ ورانہ رویوں کا پردہ چاک کر دیا ہے۔
پچھلی چار دہائیوں سے ٹیلی ویژن انڈسٹری سے وابستہ عصمت زیدی نے متعدد بڑے اور کامیاب ڈراموں میں کام کیا ہے اور ملک کے تمام نامور فنکاروں کے ساتھ اسکرین شیئر کی ہے۔
حال ہی میں ایک مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کے دوران انہوں نے انڈسٹری کے موجودہ ماحول، نظام کی خرابیوں اور سینئر اداکاروں کے ساتھ سیٹ پر پیش آنے والے تلخ تجربات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
عصمت زیدی نے شو کے دوران بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ہمارے ڈراموں کے سیٹ کا روزمرہ کا طریقہ کار بالکل تباہ ہو چکا ہے، یہاں اداکاروں سے بارہ بارہ گھنٹے سے بھی زیادہ طویل شفٹوں میں کام لیا جاتا ہے اور کسی کو بھی پہلے سے یہ نہیں بتایا جاتا کہ ان کے مناظر اصل میں کب شوٹ کیے جائیں گے۔
انہوں نے نئے اسٹارز کے نخروں پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ مرکزی کردار نبھانے والے نئے اداکار جب چاہیں اپنی مرضی سے شوٹنگ منسوخ کروا دیتے ہیں اور اس دوران انڈسٹری کے دوسرے فنکاروں سے یہ تک نہیں پوچھا جاتا کہ وہ اس نئی تاریخ پر دستیاب ہیں یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ باقی سب کو نئے آنے والے اسٹارز کی خواہشات کے مطابق ہی جینا پڑتا ہے۔
عصمت زیدی نے انتہائی دکھ سے شوٹنگ سیٹ پراپنے ساتھ پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے سیٹ پر موجود اس غیر پیشہ ورانہ ماحول اور بدانتظامی کے خلاف آواز اٹھائی، تو ایک ہدایت کار نے پچاس لوگوں کے سامنے ان پر اونچی آواز میں چیخنا چلانا شروع کر دیا۔
انہوں نے انتہائی افسوس کے ساتھ کہا کہ اس موقع پر سیٹ پر موجود کسی ایک شخص نے بھی ان کا ساتھ نہیں دیا حالانکہ اس وقت وہ رو رہی تھی اور ان کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے۔
انہوں نے شکایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ پوری دنیا میں سینئر فنکاروں کو بہت عزت و احترام دیا جاتا ہے اور جیسے جیسے ان کی عمر بڑھتی جاتی ہے ان کی عزت میں بھی اضافہ ہوتا جاتا ہے۔ لیکن اس کے مقابلے میں ہمارے ملک میں سینیئرز کی کوئی عزت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ کسی کو توفیق نہیں ہوئی کہ وہ اس واقعہ پران سے معذرت کرتا۔ تاہم انہوں نے اپنے کام سے مخلص رہتے ہوئے اس نامناسب واقعے اور تذلیل کے باوجود اپنی شوٹنگ کی ذمہ داری کو پورا کیا اور کام ادھورا نہیں چھوڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ انڈسٹری میں بڑھتے ہوئے اس غیر پیشہ ورانہ رویے اور معاوضوں کی ادائیگیوں میں تاخیر جیسے دیگر مسائل کا سامنا بڑی ہمت سے کر رہی ہیں۔
.png)
11 hours ago
4




English (US) ·