ARTICLE AD BOX
پنجاب پراسیکیوشن نے ملزم ظفر اللہ و دیگر کی ضمانتوں کی منسوخی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے
اسلام آباد:
راولپنڈی میں پسند کی شادی پر جرگے کے فیصلے پر لڑکی کو قتل کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ نے پنجاب پراسیکیوشن کی ملزمان کی ضمانتوں کے خلاف اپیلوں پر ملزمان کو نوٹس جاری کر دیے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پنجاب پراسیکیوشن کی ملزمان کی ضمانتوں کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا جرگے کے فیصلے پر لڑکی کو کشمیر سے بلوا کر قتل کیا گیا اور دفن کر دیا گیا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا کہ کیا اس کیس میں ملزمان کو نوٹس کر دیں؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے جواب دیا کہ جی ضرور اس کیس میں نوٹس جاری کیا جائے، ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر لازمی نوٹس کریں۔ عدالت نے اپیلوں پر ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت جون کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔ پنجاب پراسیکیوشن نے ملزم ظفر اللہ و دیگر کی ضمانتوں کی منسوخی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ واقعے کا مقدمہ جولائی 2025 میں فوجی کالونی پیرودہائی راولپنڈی میں درج ہوا تھا۔ پسند کی شادی پر لڑکی کو جرگے کے فیصلے پر اہل خانہ کے سامنے قتل کیا گیا اور قتل کے بعد لڑکی کو خواتین نے غسل دیا تھا، لڑکی کی لاش کو لوڈر رکشہ کے ذریعے قبرستان لے جا کر دفن کیا گیا۔
.png)
18 hours ago
1




English (US) ·