Times of Pakistan

سپریم کورٹ ملازمین کے یوٹیلیٹی الاؤنس میں سو فیصدا ضافہ، نوٹیفکیشن جاری

2 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

سپریم کورٹ آف پاکستان کے ملازمین اور افسران کے لیے یوٹیلیٹی الاؤنس میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ چیف جسٹس کی منظوری کے بعد جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے الاؤنسز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے ملازمین اور افسران کے یوٹیلیٹی الاؤنس میں 100 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ منظوری چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے دی گئی، جس کے بعد نئے الاؤنسز یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 سے 6 تک کے ملازمین کا یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 12 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 7 سے 10 تک کے ملازمین کے لیے یہ الاؤنس 8 ہزار روپے سے بڑھا کر 16 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح گریڈ 11 سے 15 تک کے ملازمین کا الاؤنس 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 16 کے افسران کو 12 ہزار روپے کے بجائے 24 ہزار روپے یوٹیلیٹی الاؤنس ملے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 17 کے افسران کا یوٹیلیٹی الاؤنس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے، گریڈ 18 کے افسران کا 18 ہزار روپے سے بڑھا کر 36 ہزار روپے اور گریڈ 19 کے افسران کا 21 ہزار روپے سے بڑھا کر 42 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

مزید برآں گریڈ 20 کے افسران کا یوٹیلیٹی الاؤنس 24 ہزار روپے سے بڑھا کر 48 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 21 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے الاؤنس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر 60 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی الاؤنس میں گیس اور بجلی کے اخراجات شامل ہیں، جبکہ اس اضافے سے پیدا ہونے والے اضافی مالی اخراجات مالی سال 2026-27 کے منظور شدہ بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔

Read Entire Article