Times of Pakistan

سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی: فیلڈ مارشل

2 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ، نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسروں سے خطاب

شائع 08 جولائ 2026 08:56pm

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیز کی جانب سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی پناہ گاہیں مکمل طور پر ختم کر دی جائیں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسروں سے خطاب کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالی اور مسلح افواج کی صلاحیتوں، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا۔ 

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ جنگ کی نوعیت بدل چکی، پاکستان کی مسلح افواج بھی اپنی حکمتِ عملی اور صلاحیتوں کو اسی مطابق ڈھال رہی ہیں، اسٹریٹجک وضاحت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ صلاحیت ہی پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کی بنیاد ہیں، پاکستانی مسلح افواج جدید جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیارہیں۔

عاصم منیر نے مزید کہا کہ این ڈی یو جیسے ادارے مستقبل کی عسکری و سول قیادت کو ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی اور ریاستی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔

فیلڈ مارشل نے دوٹوک انداز میں کہا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری طاقت سے کچلا جائے گا، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی محفوظ پناہ گاہیں مکمل طور پر ختم کی جائیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگیں میڈیا پر شور مچانے یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کا مورال، پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاری مثالی ہے، مسلح افواج ہر قسم کے آپریشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے گریجویٹنگ افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت، بے لوث خدمت اور قومی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔ اس سے قبل نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے کیا۔

Read Entire Article