Times of Pakistan

زلزلے کے بعد وینزویلا کا آسمان خونی ہوگیا

4 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

24 جون کو وینزویلا میں آنے والے دو شدید زلزلوں میں تقریباً 2 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شائع 01 جولائ 2026 11:20am

وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں منگل کی شام اچانک آسمان کا رنگ سرخ اور نارنجی ہو گیا، جس نے شہریوں کو حیرت اور خوف میں مبتلا کر دیا۔ یہ منظر اتنا عجیب اور پراسرار تھا کہ دیکھنے والے کچھ دیر کے لیے خاموش اور حیران رہ گئے۔

شہر میں موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ آسمان پر نیچے لٹکتے بادل بھی سرخی مائل رنگ اختیار کر گئے تھے، جس سے پورے ماحول میں ایک خوفناک اور پراسرار کیفیت پیدا ہو گئی۔ اس دوران سوشل میڈیا پر ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو گئیں اور لوگوں نے مختلف قسم کی باتیں شروع کر دیں۔

وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آسمان پر چھائے ہوئے نچلے بادل آگ کی طرح چمک رہے ہیں۔ یہ منظر ایک ایسے وقت میں دیکھنے میں آیا ہے جب پورا ملک حال ہی میں آنے والے زلزلوں کی تباہ کاریوں سے سنبھلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ 24 جون کو وینزویلا میں دو شدید زلزلے آئے تھے جن کے نتیجے میں تقریباً 2 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسی پس منظر میں آسمان کے سرخ ہونے کے منظر نے لوگوں کے خدشات مزید بڑھا دیے۔

سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے اسے کسی بڑی آفت یا قیامت کی نشانی قرار دیا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ وینزویلا کو خدا کے حضور گڑگڑانا چاہیے، مشکل وقت آنے والا ہے اور انہیں بدعنوانی، تکبر اور جادو ٹونے کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔

ایک اور صارف نے اسے پورے شہر پر موت کا سایہ قرار دیا تو کوئی اسے قیامت کی آہٹ کہہ رہا ہے۔

اگرچہ عوام اسے کسی خوفناک واقعے کی علامت سمجھ رہے ہیں، لیکن ماہرینِ موسمیات نے اس کی سائنسی وجہ بتائی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ ایک قدرتی عمل ہے جسے ریلے اسکیٹرنگ یا کاندیلازو کہا جاتا ہے۔ ہوا میں موجود صحارا کے ریگستان کی باریک دھول ایک قدرتی چھلنی کا کام کر رہی ہے، جو نیلی روشنی کو بکھیر دیتی ہے اور صرف سرخ اور نارنجی رنگوں کو گزرنے دیتی ہے۔

اس سائنسی وضاحت کے باوجود، زلزلے کے متاثرین کے لیے اس منظر کو نظر انداز کرنا مشکل ہے۔ ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے کے پیچھے آسمان خون کی طرح سرخ دکھائی دے رہا تھا جہاں امدادی کارکن اب بھی زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

ایک اور صارف نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سائنسی طور پر اس کی وضاحت موجود ہو سکتی ہے، لیکن روحانی طور پر اس تصویر کو نظر انداز کرنا ناممکن محسوس ہوتا ہے۔ یہ زلزلوں، غم، ٹوٹی ہوئی عمارتوں اور ہزاروں لاپتہ افراد سے متاثر قوم کے اوپر خون آلود افق کا منظر ہے۔

یہ صحرائی دھول اب مغرب کی طرف سفر کر رہی ہے اور جلد ہی امریکہ کی ریاست فلوریڈا تک پہنچ جائے گی۔ فی الحال یہ گرد و غبار وینزویلا تک پہنچ چکی ہے، جہاں اس نے یہ غیر معمولی اور دلکش مگر خوفناک منظر پیدا کیا ہے۔

یوں وینزویلا میں آسمان کا سرخ ہونا ایک طرف قدرتی سائنسی عمل کا نتیجہ ہے، تو دوسری طرف زلزلے کی تباہی نے لوگوں کے ذہنوں میں اس منظر کو مزید پراسرار بنا دیا ہے۔

Read Entire Article