Times of Pakistan

رمضان ٹرانسمیشن میں اداکاراؤں کی لڑائیوں پر پاکستانی فنکار برہم

1 week ago 5
ARTICLE AD BOX

شائع 04 مارچ 2026 02:07pm

رمضان 2026 دنیا بھر میں ایک مشکل دور کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں مختلف خطوں میں سنگین حالات اور تنازعات جاری ہیں۔ ایسے وقت میں جب امتِ مسلمہ کئی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، پاکستان کی شوبز انڈسٹری سوشل میڈیا پر ہونے والی اندرونی لڑائیوں کی وجہ سے خبروں میں ہے۔ یہ تنازعات محض سوشل میڈیا تک محدود نہیں رہے بلکہ ٹی وی پروگرامز اور رمضان ٹرانسمیشنز تک بھی پھیل گئے ہیں۔

رمضان کے آغاز سے ہی متعدد اداکاراؤں کے درمیان لفظی جنگ دیکھنے میں آئی۔ اداکارہ فضا علی کے بعض بیانات نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی۔ جس کے بعد ان کا نام ندا یاسر، مشی خان، اور نادیہ خان اور کے ساتھ جوڑا گیا۔ ان اداکاراوں کے درمیان تنقیدی جملوں اور ویڈیوز کا تبادلہ ہوا، جس پر مداحوں نے بھی کھل کر رائے دی۔

اسی دوران فضیلہ قاضی اور جویریہ سعود کے درمیان انسٹاگرام پر ہونے والی گفتگو نے بھی خاصی توجہ حاصل کی۔ بعض حلقوں کا کہنا تھا کہ رمضان ٹرانسمیشنز میں ذاتی اختلافات کو موضوع بنانا مناسب نہیں۔

اب انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز، اداکارہ آمنہ ملک اور نوجوان اداکار ثمر جعفری نے کھل کر ان جھگڑوں پر ردعمل دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رمضان جیسے مقدس مہینے میں ذاتی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر احترام اور برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

نعمان اعجاز نے اشاروں کنایوں میں کہا کہ ’رمضان کا اصل امتحان پیٹ کا نہیں ہوتا، بلکہ زبان اور ذہن کا ہوتا ہے۔ اگر آپ نے رمضان میں اپنے نفس کو ذرا سی بھی شکست دے دی تو سمجھ لیں کہ آپ کو وہ انعام مل گیا جس کے لیے فرشتے دعا کرتے ہیں۔ اللہ آپ سب کو اپنی رحمتوں سے نوازے۔‘

نوجوان اداکار ثمر جعفری نے اپنی پوسٹ میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’خدا نہ کرے اگر جنگ ہو گئی تو میرا نہیں خیال کہ ہم اس کا مقابلہ کر سکیں گے، کیونکہ ہم تو آپس میں لڑنے اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں ہی مصروف ہیں۔ اگر ہم اپنی لڑائیاں ختم کر دیں تو آگے بڑھ سکتے ہیں۔‘

اداکارہ آمنہ ملک نے بھی اسی طرح کا ردعمل دیا، ان کا کہنا تھا کہ، ’ایک جنگ ایران اور اسرائیل/امریکہ کی، ایک پاکستان اور افغانستان کی، اور ایک ہماری انڈسٹری کی خواتین کی۔‘

انہوں نے مزید لکھا، ’خدا کے لیے، آپ خود اپنی اور ہماری انڈسٹری کی کیا تصویر دوسرے میڈیا کے سامنے پیش کر رہی ہیں؟ براہِ کرم رک جائیں اور امن کو اختیار کریں۔‘

شوبز شخصیات کا کہنا ہے کہ رمضان عبادت، صبر اور یکجہتی کا مہینہ ہے، اس لیے عوامی شخصیات کو چاہیے کہ وہ مثبت رویہ اپنائیں اور معاشرے کے لیے بہتر مثال قائم کریں۔

Read Entire Article