Times of Pakistan

دلجیت دوسانجھ نے ’ستلج‘ فلم کےلیے کتنا معاوضہ لیا؟ ڈائریکٹر نے راز فاش کردیا

11 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

دلجیت نے اس تاریخی کردار کو صرف ایک پروجیکٹ نہیں بلکہ ذمے داری سمجھ کر قبول کیا، فلم ڈائریکٹر

فلم ’ستلج‘ کے ہدایت کار ہنی تہران کا ایک پرانا انٹرویو دوبارہ سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے، جس میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے اپنی معمول کی فیس لینے سے انکار کر دیا تھا۔

ہدایت کار کے مطابق دلجیت دوسانجھ سکھ انسانی حقوق کے رہنما جسونت سنگھ کھلرا کی زندگی پر مبنی اس فلم کا حصہ بننے کے لیے غیرمعمولی طور پر پُرجوش تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دلجیت نے اس تاریخی کردار کو صرف ایک پروجیکٹ نہیں بلکہ ایک ذمہ داری سمجھ کر قبول کیا، اسی لیے انہوں نے معاوضے کا مطالبہ ہی نہیں کیا۔

ہنی تہران نے گفتگو کے دوران بتایا کہ اگر دلجیت اپنی مارکیٹ ویلیو کے مطابق فیس طلب کرتے تو فلم کی محدود بجٹ کے باعث انہیں کاسٹ کرنا ممکن نہ ہوتا۔ ان کے مطابق دلجیت نے نہایت عاجزی سے کہا، ’’واہگورو جی، پاجی کب آنا ہے، کہاں آنا ہے؟ بس بتا دیں، میں وہاں موجود ہوں گا۔‘‘

ہدایت کار نے مزید بتایا کہ دلجیت نے ایک روپیہ تک طلب نہیں کیا، تاہم قانونی تقاضوں کے باعث معاہدہ کرنا ضروری تھا، اس لیے انہیں ان کی اصل فیس کے مقابلے میں انتہائی معمولی رقم ادا کی گئی۔ ہنی تہران کے بقول یہ رقم بھی اداکار کی طرف سے کسی مطالبے پر نہیں بلکہ صرف معاہدے کی رسمی ضرورت پوری کرنے کے لیے دی گئی۔

انہوں نے فلم کے آغاز کی دلچسپ کہانی بھی بیان کی۔ ہنی تہران کے مطابق جب انہوں نے دلجیت دوسانجھ سے ملاقات میں بتایا کہ وہ 1984 کے بعد کے حالات پر فلم بنانا چاہتے ہیں تو دلجیت نے کہا کہ اس دور سے متعلق ایسی کہانیاں کم ہیں جن پر مکمل فلم بن سکے، البتہ جسونت سنگھ کھلرا کی زندگی ایک غیرمعمولی موضوع ہے، اگرچہ ان کے خاندان سے فلمی حقوق حاصل کرنا آسان نہیں۔

ہدایت کار نے بتایا کہ وہ پہلے ہی اس موضوع پر تحقیق مکمل کر چکے تھے اور کھلرا خاندان سے فلم بنانے کے حقوق بھی حاصل کر لیے تھے۔ جب انہوں نے اپنی ریسرچ فائل دلجیت کے سامنے رکھی اور پہلے صفحے پر جسونت سنگھ کھلرا کی تصویر دکھائی تو اداکار حیران رہ گئے، کیونکہ وہ بھی اسی شخصیت پر فلم بنانے کی خواہش رکھتے تھے۔ یوں دونوں کی سوچ ایک ہونے کے بعد دلجیت نے فوراً اس کردار کے لیے رضامندی ظاہر کر دی۔

واضح رہے کہ ’ستلج‘ 3 جولائی 2026 کو ریلیز ہوئی تھی۔ فلم کی کہانی 1995 میں جسونت سنگھ کھلرا کے مبینہ اغوا اور ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کے گرد گھومتی ہے۔

تاہم فلم کی ریلیز کے صرف دو روز بعد، 5 جولائی 2026 کو، اسے اچانک او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی فائیو سے ہٹا دیا گیا، جس کے بعد سے یہ فلم اور اس سے متعلق مختلف انکشافات مسلسل خبروں اور سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔

Read Entire Article