Times of Pakistan

دالبندین میں تیز رفتار ٹریلر گاڑی پر چڑھ گیا، 11 افراد جاں بحق

1 hour ago 1
ARTICLE AD BOX

حادثے کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں کو گاڑی میں سوار افراد کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بلوچستان کے ضلع دالبندین میں تیز رفتار ٹریلر گاڑی پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 11 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے جب کہ حادثے کے بعد علاقے میں افسوس اور خوف کی فضا قائم ہو گئی۔

جمعے کو افسوسناک ٹریفک حادثہ دالبندین کے قریب ڈھڈرلانڈھی کے مقام پر پیش آیا، جہاں آر سی ڈی شاہراہ این 40 پر تیزرفتار ٹریلر نے ایک گاڑی کو ٹکر مار کر اسے کچل دیا۔

حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں میں سوار 11 افراد موقع پر دم توڑ گئے جب کہ 4 افراد شدید زخمی ہوئے جب کہ حادثے کے وقت گاڑی میں مجموعی طور پر 15 افراد سوار تھے۔

حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جس کے باعث مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں کو گاڑی میں سوار افراد کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال دالبندین منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جب کہ اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی۔

پولیس نے ٹرالر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ٹریلر کوئٹہ سے تفتان جب کہ کار تفتان سے کوئٹہ جا رہی تھی۔

واقعے کے بعد علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جب کہ مقامی انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خاران سے لاڑکانہ جانے والی مسافر کوچ جھل مگسی کے قریب ایم ایٹ روڈ پر باریجہ کے مقام پر کھائی میں جاگری تھی، حادثے میں خاتون اور بچے سمیت 8 افراد جاں بحق جب کہ 30 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ڈی ایچ او جھل مگسی علی مگسی کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر بی ایچ یو باریجہ منتقل کیا گیا، جہاں ایک بچہ، ایک خاتون اور متعدد مردوں کی لاشیں بھی لائی گئی تھیں۔

ڈی ایچ او کے مطابق 7 شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا تھا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ایمبولینس کی کمی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئی تھیں۔

Read Entire Article