ARTICLE AD BOX
شائع 22 جولائ 2026 10:43am
خیبرپختونخوا اور پنجاب میں حالیہ مون سون بارشوں، چھتیں اور دیواریں گرنے اور سیلابی ریلوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 19 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ ”جاں بحق ہونے والے افراد میں 6 مرد، 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں“۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق، بارشوں اور فلش فلڈ سے اب تک 28 مکانات متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 6 گھر مکمل طور پر منہدم جبکہ 22 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر، دیر لوئر و اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ ”پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں، جبکہ صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں فی الحال پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے“۔
پی ڈی ایم اے نے یہ بھی تنبیہ کی ہے کہ صوبے میں بارشوں کا یہ سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب لنڈیکوتل میں بھی مون سون کے پیشِ نظر پاک افغان شاہراہ پر ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ ”ریسکیو ٹیمیں 7 مختلف ہائی رسک مقامات پر ڈیوٹی پر موجود ہیں اور تمام ریسکیو اسٹیشنز اور ریفرل پوائنٹس پر عملے کو الرٹ رکھ دیا گیا ہے“۔
ریسکیو اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ”عوام ندی نالوں سے دور رہیں اور بچوں کو پانی کے قریب نہ جانے دیں“۔
ادھر پنجاب کے ضلع وزیرآباد اور گردونواح میں گزشتہ 36 گھنٹوں سے جاری وقفے وقفے کی بارش نے عام زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔
ہیڈ مرالہ، خانکی اور قادر آباد بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد 128,128 کیوسک جبکہ اخراج 108,078 کیوسک ہے، خانکی بیراج پر آمد 157,874 اور اخراج 152,024 کیوسک، جبکہ قادر آباد بیراج پر پانی کی آمد 157,725 اور اخراج 139,225 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خطرے کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مساجد میں اعلانات کروائے گئے ہیں جن میں دریا کے کنارے آباد شہریوں کو اپنے مال مویشیوں سمیت فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
.png)
14 hours ago
1





English (US) ·