Times of Pakistan

خیبر پختونخوا میں بارش اور فلیش فلڈ سے تباہی، آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق

3 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

لوئر اور اپر چترال میں فلیش فلڈ سے متعدد مکانات، مساجد، دکانوں اور پلوں کو نقصان پہنچا، پی ڈی ایم اے

شائع 01 جولائ 2026 05:31pm

خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارش، آسمانی بجلی اور فلیش فلڈ کے باعث 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ہیں جب کہ لوئر اور اپر چترال میں فلیش فلڈ سے متعدد مکانات، مساجد، دکانوں اور پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دوسری طرف پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش، آسمانی بجلی اور فلیش فلڈ کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ زکا خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے جب کہ زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لوئر چترال میں موسلادھار بارش اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں فلیش فلڈ آیا، جس سے 27 مکانات متاثر ہوئے جب کہ سیلابی ریلے کے باعث 2 مساجد، 2 دکانیں اور ایک پل کو بھی نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق فلیش فلڈ سے 4 گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی متاثر ہوئیں جب کہ مجموعی نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

ادھر اپر چترال کے علاقے یارخون، مستوج میں بھی فلیش فلڈ سے ایک مکان، آبنوشی کی متعدد اسکیمیں اور نہریں متاثر ہوئیں تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لوئر چترال میں فلیش فلڈ کے باعث بند ہونے والی 2 رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اس کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، تمام ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

Read Entire Article