ARTICLE AD BOX
'پروجیکٹ فریڈم' نامی بحری آپریشن کے ذریعے آبنائے ہرمز پر ایران کا قبضہ ہر صورت ختم کیا جائے گا: پیٹ ہیگسیتھ
اپ ڈیٹ 05 مئ 2026 05:48pm
امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ جنگ بندی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے اور واشنگٹن تہران کے ساتھ براہِ راست جنگ کا خواہش مند نہیں ہے۔ پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا ہے کہ امریکا کے ’پروجیکٹ فریڈم‘ نامی بحری آپریشن کے ذریعے آبنائے ہرمز پر ایران کے قبضے کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔
امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے منگل کو پینٹاگون میں نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ امریکی آپریشن ’پروجیکٹ فریڈم‘ عارضی نوعیت کا ہے جو آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ اس آپریشن کا مقصد بین الاقوامی جہاز رانی کو ایرانی جارحیت سے بچانا اور عالمی تجارت کے لیے اس اہم راستے کو دوبارہ کھولنا ہے۔
نیوز بریفنگ میں ’پروجیکٹ فریڈم‘ کی تفصیلات واضح کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران کی دھمکیاں کسی ایک ملک کے لیے نہیں بلکہ بلا امتیاز تمام اقوام کے لیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جارحانہ پالیسیوں نے عالمی بحری ٹریفک کو مفلوج کر رکھا ہے، تاہم اب سینکڑوں مزید بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے قطار میں موجود ہیں اور امریکا ان کی بحفاظت ترسیل کو یقینی بنائے گا۔
پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ سیز فائر ختم نہیں ہوا ہے اور ’پروجیکٹ فریڈم‘ ایک علیحدہ آپریشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے جنوبی کوریا، جاپان اور یورپ بھی اس آپریشن میں ہمارا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس آپریشن کے لیے امریکی افواج کو ایران کی سمندری حدود یا فضائی حدود میں داخل ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی امریکا کسی مسلح تصادم کا ارادہ رکھتا ہے۔
امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنگ بندی کے بعد سے ایران نے نہ صرف امریکی افواج کو نشانہ بنایا بلکہ 9 مرتبہ تجارتی بحری جہازوں پر فائرنگ کی اور 2 کنٹینر بردار جہازوں کو بھی قبضے میں لیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام کارروائیاں اس وقت تک ”لو ہراسنگ فائر“ (کم درجے کی اشتعال انگیزی) کے زمرے میں آتی ہیں اور یہ محسوس ہوتا ہے کہ ایران محض ’تکے‘ لگا رہا ہے۔
جنرل ڈین کین نے کہا کہ دوبارہ جنگ شروع کرنے کا فیصلہ ایک سیاسی فیصلہ ہے جو ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عسکری طور پر ہم صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں لیکن حتمی حکم سیاسی قیادت کی جانب سے آئے گا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز باضابطہ طور پر اس آپریشن کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد آبنائے ہرمز کا کنٹرول حاصل کرنا ہے۔ واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد سے ایران نے اس گزرگاہ کو بند کر رکھا ہے، جس سے عالمی تجارت کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
منگل کے روز خلیج میں امریکا اور ایران کے درمیان فائرنگ کے تبادلے نے خطے میں جاری نازک جنگ بندی کو مزید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
دونوں ممالک آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہیں، جو عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ کشیدگی برقرار رہی تو اس کے اثرات عالمی تیل کی قیمتوں اور خطے کے دیگر ممالک کی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔ ایران کی جانب سے تاحال ’پروجیکٹ فریڈم‘ کے حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم تہران ماضی میں اپنی حدود کے قریب کسی بھی غیر ملکی فوجی مداخلت کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دے چکا ہے۔
.png)
1 hour ago
2







English (US) ·