Times of Pakistan

تہران میں ایک ہی رات میں 4.6 شدت کے 9 زلزلے کے جھٹکے، عمارتیں لرزاُٹھیں

11 hours ago 3
ARTICLE AD BOX

تہران کے قریب گنجان آبادی کو خطرناک قرار دے دیا، حکام نے امدادی ادارے الرٹ کر دیے

اپ ڈیٹ 13 مئ 2026 02:17pm

ایران کے دارالحکومت تہران اور صوبہ مازندران کے سرحدی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی، تاہم ابتدائی اطلاعات میں کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے گزشتہ روز تہران اور صوبہ مازندران سے ملحقہ علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے گزشتہ روز تہران اور صوبہ مازندران سے ملحقہ علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ ملک کے زلزلہ پیما مرکز نے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی، جبکہ بعض ایرانی میڈیا رپورٹس میں اس کی گہرائی 8 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا نے زلزلہ پیما مرکز کے حوالے سے بتایا کہ زلزلے کے فوراً بعد شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں خوف و ہراس کی صورتحال دیکھی گئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے مشرقی صوبے میں رات بھر زلزلے کے متعدد جھٹکے محسوس کیے گئے، جن میں سے ایک کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے ایسے علاقے میں محسوس کیے گئے جو ’’موشا فالٹ‘‘ کے قریب واقع ہے، جسے ایران کے سب سے زیادہ متحرک زلزلہ زونز میں شمار کیا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس علاقے میں زلزلے کے جھٹکے معمول کی بات ہیں، تاہم ایک ہی رات میں مسلسل کئی جھٹکوں کا آنا غیر معمولی صورتحال سمجھی جا رہی ہے۔

نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہر نے ماہر زلزلہ یات مہدی زارع کے حوالے سے بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ جھٹکے زمین کے اندر جمع ہونے والی توانائی کے اخراج کا نتیجہ ہیں، جس سے مستقبل کا خطرہ کم ہوسکتا ہے، یا پھر یہ تہران کے قریب فالٹ لائن میں مزید شدید سرگرمی کی وارننگ ہیں۔

مہدی زارع نے خبردار کیا کہ تہران کو خطرہ صرف متحرک فالٹ لائنز سے نہیں بلکہ گنجان آبادی، بے ہنگم شہری پھیلاؤ اور محدود تیاریوں سے بھی ہے۔ ان کے مطابق نسبتاً کم شدت کے زلزلے بھی کمزور انفرااسٹرکچر اور ٹریفک کے باعث دارالحکومت میں شدید خلل پیدا کرسکتے ہیں، جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔

ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد آبادی والا تہران شمالی تہران، موشا اور رے فالٹ سسٹمز کے قریب واقع ہے۔ ایرانی ماہرین متعدد بار خبردار کر چکے ہیں کہ اگر دارالحکومت کے قریب بڑا زلزلہ آیا تو اس کے نتائج تباہ کن ہوسکتے ہیں۔

ایران دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جہاں زلزلے کا خطرہ سب سے زیادہ رہتا ہے۔ 2003 میں آنے والے تباہ کن بم زلزلے کی یادیں آج بھی تازہ ہیں، جس میں 30 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Read Entire Article