Times of Pakistan

’’تھری ایڈیٹس‘‘ کی کہانی میں بڑی تبدیلی، ٹائم جمپ اور وکی کوشل کی انٹری

12 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

وکی کوشل فلم کے سیکوئل میں ایک اہم کردار میں نظر آسکتے ہیں، جو کہانی کو نیا موڑ دے گا

بالی ووڈ کی مشہور فلم ’’تھری ایڈیٹس‘‘ کے سیکوئل سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آرہی ہیں، جس نے مداحوں میں ایک بار پھر زبردست جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس بار کہانی روایتی تسلسل کے بجائے ایک بڑے ٹائم جمپ اور بالکل نئے زاویے کے ساتھ پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق فلم کے مرکزی کرداروں کی زندگیوں کے ایک نئے دور کو دکھایا جائے گا، تاہم اس میں اصل فلم کی جذباتی گہرائی اور نوسٹیلجک انداز کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ اسی وجہ سے مداحوں کو ایک طرف پرانی یادوں کی جھلک اور دوسری طرف ایک نئی کہانی کا امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔

رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سپر اسٹار عامر خان نے اس پروجیکٹ پر ابتدائی کام شروع کر دیا ہے، جس کے بعد فلم کے حوالے سے تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ فلم کی ہدایتکاری ایک بار پھر راجکمار ہیرانی ہی سنبھال سکتے ہیں، جس سے اس پراجیکٹ کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

مزید دلچسپ پیش رفت یہ ہے کہ اداکار وکی کوشل کے بھی اس سیکوئل کا حصہ بننے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق انہیں ایک اہم نئے کردار کے لیے زیر غور رکھا جا رہا ہے، جو کہانی میں ایک نیا موڑ لا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ سیکوئل نہ صرف اصل فلم کے مرکزی کرداروں کو دوبارہ اسکرین پر لا سکتا ہے بلکہ ایک نئی نسل اور نئے کرداروں کو بھی متعارف کرائے گا، جس سے کہانی کا دائرہ مزید وسیع ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ 2009 میں ریلیز ہونے والی ’’تھری ایڈیٹس‘‘ بھارتی سینما کی سب سے کامیاب اور اثر انگیز فلموں میں شمار کی جاتی ہے، جس نے تعلیم کے نظام اور نوجوانوں کی سوچ پر گہرا اثر ڈالا تھا۔

اب سیکوئل کے اعلان اور نئی کاسٹنگ کی خبروں نے فلمی شائقین کی توقعات آسمان تک پہنچا دی ہیں، اور مداح بے صبری سے اس بات کے منتظر ہیں کہ یہ نئی کہانی کس انداز میں پردۂ اسکرین پر جلوہ گر ہوگی۔

Read Entire Article