ARTICLE AD BOX
بھارت کی ریاست آسام کے شہر جورہاٹ میں ہفتے کی صبح بھارتی فضائیہ کا ایک اے این-32 ٹرانسپورٹ طیارہ لینڈنگ کے دوران ایئر فورس اسٹیشن کے احاطے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے بعد طیارے میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب اے این-32 اینٹونوو طیارہ لینڈنگ کے دوران ایئر فورس اسٹیشن کے اندر ہی گر گیا، جس کے فوراً بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔
واقعے کے بعد امدادی اور ہنگامی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے اور صورتحال کا جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
تاحال حادثے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے جبکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے متعلق تفصیلات بھی سامنے نہیں آئیں۔
بھارتی فضائیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورت حال کے مکمل جائزے کے بعد مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ فضائیہ کے مطابق حادثے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اے این-32 اینٹونوو ایک مضبوط دو انجنوں والا ٹربوپروپ فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہے جسے بھارتی فضائیہ کا “ورک ہارس” بھی کہا جاتا ہے۔
یہ طیارہ اصل میں سوویت یونین نے بھارت کی ضروریات کے مطابق تیار کیا تھا اور بھارتی فضائیہ کے پاس اس وقت اس کے تقریباً 100 طیاروں پر مشتمل بیڑا موجود ہے۔
اے این-32 انتہائی مشکل حالات، خصوصاً بلند پہاڑی ایئر فیلڈز اور گرم مرطوب موسم میں بھی آپریشن کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ طیارہ 7.5 ٹن تک سامان، 50 مسافروں یا 42 پیرا ٹروپرز کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دور دراز علاقوں میں رسد کی فراہمی کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔
.png)
1 hour ago
1




English (US) ·