ARTICLE AD BOX
متعدد افراد کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں اسپتال منتقل، ملزم کے قبضے سے تقریباً 14 ہزار 900 کیپسول برآمد
بھارت کے شہر ممبئی میں یومِ عاشور کے جلوس کے دوران مبینہ طور پر زہریلی کیپسول تقسیم کرکے ہزاروں افراد کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی شہر ممبئی میں محرم کے جلوس کے دوران ایک شخص کو مبینہ طور پر زہریلے کیپسول تقسیم کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا، جس کے بعد ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
پولیس کے مطابق ملزم، فیاض پریم جی، کو بائیکلہ کے علاقے میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب تقریباً 11 افراد مبینہ طور پر اس کی تقسیم کردہ کیپسول کھانے کے بعد بیمار ہوگئے۔ متاثرہ افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے بعد تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عاشورہ کے جلوس میں شریک افراد کو یہ کہہ کر کیپسول دے رہا تھا کہ یہ درد کش دوا اور قوتِ مدافعت بڑھانے والی گولیاں ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس جینت مینا کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ کیپسول میں زنک فاسفائیڈ نامی انتہائی زہریلا کیمیائی مادہ موجود تھا، جو عام طور پر چوہے مار زہر میں استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کے پاس کسی بھی قسم کی دوا تقسیم کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں تھا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے قبضے سے تقریباً 14 ہزار 900 کیپسول برآمد کر لیے، جبکہ ابتدائی اندازے کے مطابق بڑی تعداد میں کیپسول پہلے ہی لوگوں میں تقسیم کیے جا چکے تھے۔ مزید تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے 30 ہزار خالی کیپسول اور 50 کلوگرام فاسفورس بھی منگوایا تھا۔
پولیس کے مطابق یہ سازش تین رضاکار خواتین کی بروقت ہوشیاری کے باعث ناکام ہوئی۔ ایک خاتون نے ملزم کو مشکوک انداز میں کیپسول تقسیم کرتے دیکھا، جس پر رضاکاروں نے اسے روک کر پولیس کو اطلاع دی۔ بعد ازاں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے جلوس کے شرکا کو اعلان کر کے ہدایت کی گئی کہ وہ کسی بھی نامعلوم شخص سے ملنے والی گولیاں استعمال نہ کریں۔
رضاکار خواتین نے ملزم کے دعوے پر شک ہونے کے بعد ایک کیپسول کھول کر دیکھا، جس میں موجود پاؤڈر نے ان کے شکوک کو مزید تقویت دی، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس کا مقصد جلوس میں شریک کم از کم 15 ہزار افراد کو ہلاک کرنا تھا۔ تاہم اس دعوے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم بی بی اے گریجویٹ ہے اور ماضی میں ایران اور عراق کا سفر بھی کر چکا ہے۔ اس کے خلاف بائیکلہ پولیس اسٹیشن میں زہر کے ذریعے نقصان پہنچانے اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ممکنہ دہشت گردی کے روابط اور اس سازش کے پس پردہ عناصر کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق زنک فاسفائیڈ ایک نہایت خطرناک زہریلا مادہ ہے، جو جسم میں داخل ہونے کے بعد معدے کے تیزاب سے مل کر فاسفین گیس پیدا کرتا ہے۔ یہ گیس دل، پھیپھڑوں، جگر، گردوں اور دماغ کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے، جبکہ اس زہر کا کوئی مخصوص تریاق موجود نہیں۔
.png)
1 hour ago
1




English (US) ·