ARTICLE AD BOX
حکومت بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
شائع 12 جولائ 2026 08:39pm
بلوچستان کے ضلع واشک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5 مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آور دکانوں پر فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے جب کہ حکومت بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کے روز بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں نامعلوم مسلح افراد نے دکانوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا، مسلح افراد نے دکانوں پر فائرنگ کی جہاں پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدور کام کر رہے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے جب کہ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتولین کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماشکیل میں فائرنگ سے پانچ افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
شاہد رند کے مطابق معصوم اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور دہشت و خوف پھیلانے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان عوام کے تحفظ، انصاف کی فراہمی اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
.png)
1 hour ago
2




English (US) ·