ARTICLE AD BOX
برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں مشہور امریکی گلوکار اوولیور ٹری سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹس مطابق 32 سالہ امریکی گلوکار اولیور ٹری اتوار کے روز برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ایک ہیلی کاپٹر میں سفر کر رہے تھے کہ دورانِ پرواز دو ہیلی کاپٹروں کے درمیان تصادم ہوگیا۔
حادثے کے نتیجے میں دونوں طیاروں میں سوار مجموعی طور پر 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ برازیلی میڈیا کی جانب سے نشر کی گئی ویڈیوز میں ایک ہیلی کاپٹر کو فضا سے زمین کی جانب گرتے اور حادثے کے مقام سے دھواں اور شعلے اٹھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد ایک ہیلی کاپٹر ایک گاڑیوں کے شوروم کی پارکنگ میں جا گرا، جس سے تقریباً 20 گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
ریاست ریو ڈی جنیرو کے ملٹری فائر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ انہیں مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے حادثے کی اطلاع ملی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ارجنٹائن کے معروف کانٹینٹ کریئیٹر گاسپار پریم ڈیاز، جو ”گاسپی“ کے نام سے مشہور ہیں، بھی ہیلی کاپٹروں میں سے ایک میں سوار تھے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ایک ہیلی کاپٹر میں لوکاس بریٹو شاویز، لوکاس وِگنالے اور پائلٹ الیگزینڈر سوزا سوار تھے، جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر میں پائلٹ چارلس مارسیلاک موجود تھے۔
اولیور ٹری، جن کا پورا نام اولیور ٹری نکل تھا، 2016 میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہرت کی بلندیوں تک پہنچے۔ اپنے منفرد انداز، مخصوص ہیئر اسٹائل اور منفرد موسیقی کی وجہ سے وہ دنیا بھر میں مقبول تھے۔
ان کے مشہور گانوں میں ”لائف گوز آن“، ”مس یو“ اور ”ایلین بوائے“ شامل ہیں۔ وہ اپنے عالمی میوزک ٹور کے سلسلے میں برازیل میں موجود تھے اور 6 جون کو ساؤ پاؤلو میں اپنی حالیہ پرفارمنس دے چکے تھے۔
ان کی آئندہ پرفارمنس پرتگال کے شہر لزبن میں یکم جولائی کو شیڈول تھی، جبکہ ستمبر میں برطانیہ کے مختلف شہروں میں بھی ان کے کنسرٹس متوقع تھے۔
گلوکار کی موت کی خبر کے بعد موسیقی کی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔ یوٹیوبر اور موسیقار کے ایس آئی، جنہوں نے اولیور ٹری کے ساتھ ”Voices“ میں کام کیا تھا، نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اچانک موت ناقابل یقین ہے۔
اسی طرح معروف ٹی وی شخصیت اسٹیو-او نے بھی اولیور ٹری کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت مخلص اور خیال رکھنے والے انسان تھے اور ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
.png)
1 hour ago
2






English (US) ·