Times of Pakistan

ایک سیلز گرل سے رونالڈو کی منگیتر بننے تک، جورجینا روڈریگز کی دلچسپ کہانی

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

فٹ بال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو فیفا ورلڈ کپ 20226 میں اپنے کیریئر کا چھٹا اور ممکنہ طور پر آخری ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں۔ دنیا بھر کے شائقین جہاں پرتگال کے کپتان کی کارکردگی پر نظریں جمائے ہوئے ہیں، وہیں ان کی منگیتر جورجینا روڈریگز بھی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

جب پرتگال کے کپتان فٹ بال کے اس سب سے بڑے مقابلے کے لیے میدان میں اتریں گے، تو ان کی منگیتر بھی اسٹیڈیم میں موجود رہ کر ان کی حوصلہ افزائی کریں گی۔

جارجینا روڈریگیز گزشتہ کئی برسوں سے رونالڈو کی زندگی کا اہم حصہ ہیں۔ ریئل میڈرڈ کے دور سے لے کر سعودی کلب النصر تک، وہ ہر اہم مرحلے پر رونالڈو کے ساتھ نظر آئی ہیں۔ اب جبکہ رونالڈو اپنے آخری ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں، شائقین یہ جاننے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں کہ ان کی منگیتر جارجینا آخر ہیں کون؟

جورجینا روڈریگز سال 1995 میں اسپین کے شہر جاکا میں پیدا ہوئیں۔ ان کی والدہ انا ایک گھریلو خاتون ہیں جبکہ ان کے والد جارج فٹ بال کلب جاکیٹانو کے اسکواد کوچ کے طور پر کام کرتے تھے۔ جارجینا نے نوجوانی میں ماڈلنگ اور فیشن انڈسٹری میں قدم رکھا اور بعد ازاں میڈرڈ میں ایک معروف لگژری برانڈ کے اسٹور پر ملازمت اختیار کی۔

ارجنٹائن اور اسپین کی شہریت رکھنے والی اس ماڈل کی کرسٹیانو رونالڈو سے پہلی ملاقات2016 میں ہوئی تھی، جب وہ میڈرڈ کے ایک گچی اسٹور میں ملازمت کرتی تھیں، جبکہ رونالڈو دنیا کے مشہور ترین فٹ بالرز میں شمار ہوتے تھے۔ نیٹ فلکس کی ایک دستاویزی سیریز میں جورجینا نے خود انکشاف کیا کہ رونالڈو انہیں لینے کے لیے قیمتی اور پرتعیش گاڑیوں میں آیا کرتے تھے۔

کرسٹیانو رونالڈو نے بھی ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ جب انہوں نے جورجینا سے ملنا شروع کیا تھا تو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ رشتہ اتنا سنجیدہ ہو جائے گا۔ رونالڈو کا کہنا تھا کہ شروع میں، میں نے نہیں سوچا تھا کہ یہ رشتہ اتنا مضبوط ہو جائے گا یا مجھے ان سے محبت ہو جائے گی، سچ کہوں تو مجھے اس کی توقع نہیں تھی، لیکن کچھ وقت گزرنے کے بعد مجھے یہ احساس ہو گیا کہ یہی میری زندگی کی اصل خاتون ہیں۔

اس جوڑے نے پہلی بار جنوری2017 میں فیفا کے ایک ایوارڈ شو کے دوران عوامی سطح پر ایک ساتھ شرکت کی تھی۔ اسی سال نومبر میں ان کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی جو رونالڈو کی چوتھی اولاد ہے۔ بعد میں اپریل 2022 میں ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی، لیکن افسوسناک طور پر ان میں سے ایک بچے کا اسی مہینے انتقال ہو گیا۔

اگست 2025 میں جورجینا نے رونالڈو کے ساتھ اپنی منگنی کی تصدیق کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک بہت بڑی انگوٹھی کی تصویر شیئر کی جو انہیں فٹ بالر نے تحفے میں دی تھی اور اس انگوٹھی کی مالیت لگ بھگ پچاس لاکھ ڈالر بتائی جاتی ہے۔

جارجینا روڈریگز صرف رونالڈو کی منگیتر ہی نہیں بلکہ ایک کامیاب ماڈل اور سوشل میڈیا شخصیت بھی ہیں۔ وہ متعدد معروف فیشن میگزینز کے سرورق پر جلوہ گر ہو چکی ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے کروڑوں فالوورز موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی مجموعی دولت تقریباً ایک کروڑ امریکی ڈالر کے برابر ہے۔

معروف اینکر پیئرز مورگن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کرسٹیانو رونالڈو نے بتایا کہ وہ اس ورلڈ کپ کے بعد شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ رونالڈو کا کہنا تھا کہ ابھی شادی نہیں ہوئی، ہم ورلڈ کپ کی ٹرافی جیتنے کے بعد یہ شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جورجینا کو بڑی پارٹیاں پسند نہیں ہیں، وہ ان چیزوں کو نجی رکھنا پسند کرتی ہیں اس لیے میں ان کے فیصلوں کا احترام کروں گا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں کا ارادہ ہے کہ وہ اس بڑے ٹورنامنٹ کے ختم ہونے کے بعد ایک چھوٹی اور نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں۔

Read Entire Article