ARTICLE AD BOX
ایشا امبانی کا ہیروں سے جڑا ہرمیس برکن بیگ دنیا کے مہنگے ترین بیگز میں شمار کیا جارہا ہے
بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی نے پیرس ہاؤٹ کاؤچر ویک میں اپنی شاندار انٹری سے سب کی توجہ حاصل کر لی، تاہم ان کے مہنگے لباس سے زیادہ ایک نایاب ہینڈ بیگ نے محفل لوٹ لی۔ ایشا امبانی کی جانب سے اٹھایا گیا ہیروں سے جڑا ہرمیس برکن بیگ دنیا کے مہنگے ترین بیگز میں شمار کیا جارہا ہے، جس کی مالیت تقریباً 20 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 56 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) بتائی جارہی ہے۔ ایشا امبانی معروف بھارتی ڈیزائنر راہول مشرا کے رن وے شو میں شرکت کے لیے پہنچی تھیں، جہاں ان کے ہاتھ میں موجود انتہائی نایاب Hermès Birkin Sac Bijou نے فیشن کی دنیا میں سب کی نظریں اپنی جانب کھینچ لیں۔ لگژری ری سیل پلیٹ فارم پرایو پورٹر اور نیلام گھر سوتھیبیز کے مطابق اس منفرد بیگ کی قیمت تقریباً 2 ملین ڈالر ہے۔ یہ عام برکن بیگ کی طرح روزمرہ استعمال کے لیے نہیں بنایا گیا بلکہ اسے ایک ہینڈ بیگ کے روپ میں قیمتی زیور کا درجہ حاصل ہے۔ 3 ہزار سے زائد ہیروں سے تیار کیا گیا شاہکار یہ منفرد بیگ فرانسیسی لگژری برانڈ ہرمیس کی ہاؤٹ جیولری کلیکشن کا حصہ ہے، جسے معروف ڈیزائنر پیئر ہارڈی نے تیار کیا۔ بیگ کو 18 قیراط سفید سونے سے بنایا گیا ہے، جس پر ہاتھ سے 3 ہزار 25 چمکتے ہوئے ہیروں کو جڑا گیا ہے، جن کا مجموعی وزن 111 قیراط سے زیادہ ہے۔ انتہائی چھوٹے سائز کے اس بیگ میں سفید سونے سے تیار کردہ مگرمچھ کی جلد جیسا ڈیزائن دیا گیا ہے، جو اسے مزید منفرد بناتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ نایاب بیگ دراصل ایشا امبانی کی والدہ نیتا امبانی کی ملکیت ہے۔ ایشا امبانی کا لباس بھی توجہ کا مرکز رہا اگرچہ قیمتی برکن بیگ نے سب کی توجہ حاصل کرلی، لیکن ایشا امبانی کا لباس بھی کسی طور کم نمایاں نہیں تھا۔ انہوں نے گرے رنگ کا خوبصورت گاؤن زیب تن کیا ہوا تھا، جس میں دل کی شکل کے نیک لائن ڈیزائن، کارسیٹ اسٹائل باڈی اور نفیس موتیوں و سیکوئنز کا کام شامل تھا۔ گاؤن کے دامن میں ہلکا سا اومبری ایفیکٹ دیا گیا تھا، جبکہ کندھوں پر میچنگ شال نے ان کے انداز کو مزید دلکش بنا دیا۔ انہوں نے لباس کے ساتھ چمکدار اوپن ٹو ہیلس اور معروف جیولری ڈیزائنر لورین شوارٹز کے تیار کردہ قیمتی زیورات بھی پہنے۔ ایشا امبانی کے زیورات میں 30 قیراط کے کشن کٹ ہیرے سے مزین دریائے نما (Rivière) نیکلس، ناشپاتی نما ہیروں کی بالیاں اور 7 قیراط کی اوول کٹ ڈائمنڈ رنگ شامل تھی۔ امبانی خاندان کی لگژری زندگی کا ایک اور مظاہرہ ایشا امبانی مکیش امبانی اور نیتا امبانی کی بیٹی ہیں، جبکہ امبانی خاندان اپنی شاندار جیولری کلیکشن، مہنگے ملبوسات اور شاہانہ تقریبات کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ تاہم پیرس کاؤچر ویک میں ایشا امبانی کے اس نایاب ڈائمنڈ برکن بیگ نے ثابت کر دیا کہ بعض اوقات ایک خوبصورت اور قیمتی ایکسیسری بھی پورے انداز پر سبقت لے جا سکتی ہے۔
.png)
9 hours ago
1




English (US) ·