Times of Pakistan

ایران ہماری تقریباً تمام شرائط ماننے پر تیار ہوگیا، ٹرمپ کا دعویٰ

5 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

پاک بھارت جنگ رکوا کر تین کروڑ جانیں بچائیں، پاکستانی وزیراعظم نے بھی اس کا اعتراف کیا، امریکی صدر

شائع 03 جولائ 2026 08:58am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران امریکا کی تقریباً تمام ضروری شرائط ماننے پر آمادہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مداخلت سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ رکی اور کروڑوں افراد کی جانیں بچ گئیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران امریکا کی تقریباً تمام ضروری شرائط ماننے پر آمادہ ہو گیا ہے، جس کے باعث مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے۔ تاہم انہوں نے ان شرائط یا ممکنہ معاہدے کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔

صدر ٹرمپ نے گفتگو کے دوران ایک مرتبہ پھر پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ رکوا کر تین کروڑ افراد کی جانیں بچائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم نے بھی ان سے کہا کہ انہوں نے تین کروڑ لوگوں کو بچایا، جبکہ ان کے مطابق پاک بھارت تنازع کے دوران 11 طیارے گرائے گئے تھے۔

امریکی صدر نے اپنی گفتگو میں اسرائیل میں اپنی مقبولیت کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں ان کی مقبولیت 99 فیصد تک تھی اور وہ سمجھ نہیں پاتے کہ کوئی یہودی ووٹر ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ کیسے دے سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں پر عالمی توجہ مرکوز ہے، جبکہ پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے ان کے سابقہ دعوے بھی مختلف مواقع پر زیر بحث آتے رہے ہیں۔

Read Entire Article