ARTICLE AD BOX
آبنائے ہرمزعالمی بحری راستہ ہے، ایران کو یہ فیصلہ کرنے کا حق نہیں کہ وہاں سے کون گزرے گا: امریکی وزیر خارجہ
شائع 27 اپريل 2026 09:59pm
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کسی بھی صورت عالمی بحری گزرگاہوں کو یرغمال بنانے کی کوشش برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ دھونس، دھمکی یا طاقت کے زور پر بحری راستے بند کرنا قابل قبول نہیں۔
قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کی اجازت یا اسے ادائیگی کرکے بحری جہازوں کا گزرنا، راستہ کھلنا نہیں کہلاتا۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز ایک عالمی بحری راستہ ہے اور ایران کو یہ فیصلہ کرنے کا حق نہیں کہ وہاں سے کون گزرے گا۔
امریکی وزیر خارجہ نے امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ ایران کی جانب سے بحری راستوں پر اپنی مرضی مسلط کرنے کے نظام کو کبھی تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ امریکا کسی بھی ملک کو بین الاقوامی آبی راستوں کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے ایران کے آبنائے ہرمز کھلے ہونے کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی ملک کی طرف سے گزرگاہ کھولنے کا مطلب یہ ہو کہ اجازت یا ادائیگی کے بغیر راستہ نہیں دیا جائے گا تو یہ بین الاقوامی اصولوں کے خلاف ہے۔
مارکو روبیو کے مطابق عالمی آبی گزرگاہیں کسی ایک ملک کی ملکیت نہیں ہوتیں اور نہ ہی یہ قابل قبول ہے کہ ایران جیسے ملک طے کرے کہ کون ان راستوں کو استعمال کر سکتا ہے اور اس کے لیے کتنی رقم ادا کرنی ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والی شپنگ حالیہ کشیدگی کے باعث شدید متاثر ہوئی ہے، جب کہ تیل اور گیس کی ترسیل میں کمی کے بعد عالمی منڈیوں میں قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ادھر ایران کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ کسی ممکنہ امن معاہدے کے تحت ٹرانزٹ فیس لگانے پر غور کیا جا سکتا ہے، جس پر امریکا نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
.png)
10 hours ago
1





English (US) ·