Times of Pakistan

ایران کا ورلڈ کپ منتظمین کے خلاف فیفا میں شکایت درج کرانے کا اعلان

2 hours ago 3
ARTICLE AD BOX

پابندیوں سے ٹیم کی تیاری متاثر ہو رہی ہے اور تمام ٹیموں کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے کے اصول کے منافی ہیں: ایرانی فٹبال فیڈریشن

ایران نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران اپنی ٹیم پر عائد سفری اور انتظامی پابندیوں کے خلاف فیفا میں باضابطہ شکایت درج کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایرانی فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں سے ٹیم کی تیاری متاثر ہو رہی ہے اور یہ تمام ٹیموں کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے کے اصول کے منافی ہیں۔

ایرانی فٹبال فیڈریشن کے مطابق قومی ٹیم ورلڈ کپ میں درپیش انتظامی مسائل اور سفری پابندیوں کے خلاف عالمی فٹبال تنظیم فیفا سے رجوع کرے گی۔

رپورٹس کے مطابق ایران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بیلجیئم کے خلاف اپنے اہم گروپ میچ سے صرف 24 گھنٹے قبل لاس اینجلس پہنچ سکتا ہے جب کہ اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد بھی ٹیم کو فوری طور پر اپنے بیس کیمپ تیخوانا، میکسیکو واپس جانا پڑا تھا۔

ایران کے ہیڈ کوچ امیر قلعه‌نویی نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد کہا تھا کہ ان کی ٹیم ٹورنامنٹ کی ”سب سے زیادہ متاثر ہونے والی“ ٹیم ہے۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان مہدی طارمی نے حالیہ ہفتوں کو ”تباہ کن“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاجسٹک مسائل نے ٹیم کی تیاریوں کو متاثر کیا ہے۔

ایرانی فیڈریشن کا مؤقف ہے کہ اس نے میزبان شہر میں زیادہ وقت گزارنے اور بہتر تیاری کے لیے اپنا مؤقف پیش کیا تھا تاہم اسے قبول نہیں کیا گیا۔

فیڈریشن کو خاص طور پر اس بات پر اعتراض ہے کہ بیلجیئم کے خلاف میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر میں کھیلا جائے گا، جس کے باعث ٹیم کو ایک روز قبل سفر کرنا پڑے گا اور تیاری کے لیے محدود وقت ملے گا۔

ایرانی فٹبال فیڈریشن نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایسی پابندیاں تمام شریک ٹیموں کو یکساں سہولیات فراہم کرنے کے اصول سے مطابقت نہیں رکھتیں اور ان سے ٹیموں کی تیاری کا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فیڈریشن مناسب طریقہ کار کے تحت فیفا کے سامنے اپنی ناراضی کا باضابطہ اظہار اور شکایت درج کرائے گی تاہم ان مشکلات کے باوجود قومی ٹیم اپنی تیاری جاری رکھے گی اور مکمل توجہ بیلجیئم کے خلاف میچ پر مرکوز رکھے گی۔

Read Entire Article