ARTICLE AD BOX
اسرائیلی صحافیوں نے ایران امریکا معاہدے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ اس سے تہران کے اثر و رسوخ میں مزید اضافہ ہوگا
امریکا اور ایران کے درمیان متوقع معاہدے کی خبروں پر اسرائیلی میڈیا میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، جہاں بعض رپورٹرز اور کالم نگاروں نے اس ممکنہ معاہدے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے تہران کے اثر و رسوخ میں مزید اضافہ ہوگا۔
اسرائیلی اخبار معاریو میں شائع ہونے والے اپنے کالم میں تجزیہ کار بین کاسپٹ نے لکھا کہ وزیراعظم نیتن یاہو نے کئی اہم معرکوں میں کامیابی حاصل کی، تاہم ایران کے حوالے سے وسیع تر جدوجہد میں کامیاب نہ ہو سکے۔
بین کاسپٹ کے مطابق حماس، حزب اللہ اور ایران کے خلاف حالیہ برسوں میں حاصل کی گئی فوجی کامیابیوں سے بھی زیادہ اثر رکھنے والا واقعہ وہ سیاسی شکست ہے جس کا ہمیں ان کامیابیوں کے فوراً بعد سامنا کرنا پڑا۔
اسی اخبار معاریو کے ایک اور کالم نگار آوی اشکنازی نے بھی متوقع معاہدے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اسرائیل اس معاہدے کے متن اور شرائط پر اثر انداز ہونے میں ناکام رہا۔
انہوں نے اپنے کالم میں کہا کہ سیاسی قیادت کی ناکامی کے باعث اسرائیل معاہدے کے مندرجات پر اثر و رسوخ قائم نہ کر سکا۔
دوسری جانب اسرائیلی ویب سائٹ وائی نیٹ نے بھی رپورٹ کیا کہ اسرائیلی حکام مذاکرات کے نتائج پر اپنے محدود اثر و رسوخ کے باعث تشویش میں مبتلا ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ موجودہ صورت حال اسرائیل کے لیے باعثِ تشویش ہے اور متوقع معاہدہ ایک خراب معاہدہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ادھر اسرائیلی اخبار ہارٹز میں شائع ہونے والے کالم میں تجزیہ کار زوی بارئیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران مذاکرات کی میز پر مضبوط پوزیشن کے ساتھ پہنچا۔
انہوں نے لکھا کہ ایران ایسے تزویراتی دباؤ کے ذرائع سے لیس تھا جنہوں نے خطے اور عالمی معیشت دونوں پر اثرات مرتب کیے، جس کے نتیجے میں امریکا کو ایک جامع اور مربوط حکمت عملی اپنانے کے بجائے حالات کے مطابق فوری اقدامات کرنا پڑے۔
زوی بارئیل کے مطابق ایران اب محض اپنی بقا کی جدوجہد تک محدود نہیں رہا بلکہ ایک بار پھر خود کو خطے کی ایک مؤثر طاقت کے طور پر منوانے کی پوزیشن میں آ چکا ہے۔
دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان ایک بڑے امن معاہدے کو لے کر الگ الگ باتیں سامنے آئی ہیں۔ ایک طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں پکا دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ہمارا امن معاہدہ ہونے جا رہا ہے اور یہ معاہدہ اتوار کو ہی طے پا جائے گا۔ تو دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔
.png)
1 hour ago
2







English (US) ·