Times of Pakistan

امریکی کانگریس نے فوج کے لیے 1.15 ٹریلین ڈالر کا بجٹ منظور کر لیا

8 hours ago 3
ARTICLE AD BOX

واشنگٹن:

دفاعی اخراجات پر شدید سیاسی اختلافات کے باوجود امریکی ایوان نمائندگان نے فوج کے لیے ریکارڈ 1.15 ٹریلین ڈالر کے دفاعی بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔

مالی سال 2027 کے لیے نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ کو ایوان میں 212 کے مقابلے میں 216 ووٹوں سے منظور کیا گیا۔ ووٹنگ کے دوران زیادہ تر ریپبلکن ارکان نے بل کی حمایت کی جبکہ ڈیموکریٹس کی بڑی تعداد نے اس کی مخالفت کی۔

ڈیموکریٹک اراکین کا مؤقف تھا کہ جب حکومت سماجی شعبوں کے اخراجات میں کٹوتیاں کر رہی ہے تو دفاع کے لیے اتنی بڑی رقم مختص کرنا عوامی مفاد کے خلاف ہے۔

انہوں نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں پر بھی سوال اٹھائے اور کہا کہ یہ جنگ اب تک امریکا کو تقریباً 37.5 ارب ڈالر کی لاگت میں پڑ چکی ہے۔

اس کے برعکس ریپبلکن ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ عالمی حالات میں امریکی فوج کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔

ان کے مطابق اس بجٹ سے جدید دفاعی نظام، جنگی سازوسامان، نئی عسکری ٹیکنالوجی، فوجی تنصیبات کی تعمیر اور اہلکاروں کی تنخواہوں میں 7 فیصد تک اضافے سمیت متعدد منصوبوں پر عمل درآمد ممکن ہوگا۔

بل کی ایک اہم شق جس پر خاصا تنازع پیدا ہوا امریکا اور اسرائیل کے درمیان عسکری ٹیکنالوجی کے تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔

ڈیموکریٹس اور انسانی حقوق کے حامی حلقوں نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں شہری ہلاکتوں کے تناظر میں اسرائیل کو مزید عسکری تعاون دینا مناسب نہیں۔

اب یہ بل مزید غور کے لیے امریکی سینیٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں اس پر نئی بحث اور ممکنہ ترامیم متوقع ہیں۔ اگر ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ ایک مشترکہ مسودے پر متفق ہو جاتے ہیں تو اسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کے لیے وائٹ ہاؤس بھیجا جائے گا جس کے بعد یہ باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کرے گا۔

Read Entire Article