ARTICLE AD BOX
عدالت نے ملزم کو دہشت گردی میں معاونت اور یرغمال بنانے کے الزامات میں مجرم قرار دیتے ہوئے یہ سزا سنائی
امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے امریکی صحافی ڈیوڈ روہڈے کے اغوا میں ملوث طالبان کمانڈر حاجی نجیب اللہ کو 42 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے ملزم کو دہشت گردی میں معاونت اور یرغمال بنانے کے الزامات میں مجرم قرار دیتے ہوئے یہ سزا سنائی۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 سالہ حاجی نجیب اللہ نے 2008 میں امریکی صحافی ڈیوڈ روہڈے اور ان کے دو ساتھیوں کو افغانستان میں اغوا کر کے تقریباً سات ماہ تک یرغمال بنائے رکھا تھا۔ اس دوران مغویوں کو سخت حالات میں رکھا گیا اور ان کی رہائی کے لیے مختلف مطالبات بھی سامنے آئے تھے۔ نیویارک کی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ حاجی نجیب اللہ نہ صرف صحافی کے اغوا میں ملوث تھا بلکہ اس پر افغانستان میں امریکی فوجی قافلوں پر حملوں کی منصوبہ بندی اور معاونت کے الزامات بھی عائد تھے۔ عدالت نے شواہد اور گواہیوں کی بنیاد پر ملزم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے 42 سال قید کی سزا سنائی۔ امریکی حکام نے فیصلے کو انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈیوڈ روہڈے ایک معروف امریکی صحافی ہیں جو 2008 میں افغانستان میں رپورٹنگ کے دوران اغوا ہوئے تھے۔ بعد ازاں وہ اپنے ساتھیوں سمیت طالبان کی قید سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
.png)
7 hours ago
1






English (US) ·