Times of Pakistan

امریکا کا فٹبال ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں سے مجرموں جیسا سلوک

1 week ago 18
ARTICLE AD BOX

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شریک جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو امریکا میں سخت سیکیورٹی چیک کا سامنا کرنا پڑا، جس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن ٹیم اپنی اگلی پرواز کے لیے ٹورنٹو روانہ ہو رہی تھی کہ اس دوران امریکی سیکیورٹی اہلکاروں نے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو جہاز میں سوار ہونے سے پہلے مکمل تلاشی اور امیگریشن کے عمل سے گزارا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھلاڑی قطار میں کھڑے ہیں اور ایک ایک کرکے ان کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جرمن ٹیم ورلڈ کپ میں شاندار آغاز کے بعد اپنے اگلے گروپ میچ کے لیے ٹورنٹو جا رہی تھی۔ ٹیم کے اہم کھلاڑی جوشوا کمچ اور جامل موسیالا بھی اس عمل سے گزرے۔

جرمنی کی فٹ بال ایسوسی ایشن کی طرف سے اس تلاشی پر کوئی شکایت یا اعتراض سامنے نہیں آیا ہے اور ٹیم کے کھلاڑی بھی اپنے اگلے میچ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اسی طرح امریکی حکام نے بھی اس سیکیورٹی چیک کی وجہ پر تفصیلی بیان جاری نہیں کیا۔

یاد رہے کہ اس بار کا فٹ بال ورلڈ کپ تین ممالک یعنی کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کے 16 بڑے شہروں میں کھیلا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے انتظامات کو سنبھالنا سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

اس سے پہلے مارچ 2026 میں بیلجیم کی ٹیم کے ساتھ بھی اٹلانٹا کے ہوائی اڈے پر ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس پر بھی کافی بحث ہوئی تھی۔

اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس کئی صارفین نے اسے کھلاڑیوں کے ساتھ ”مجرموں جیسا سلوک“ قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا، ”یہ عالمی کھلاڑی ہیں، ان کے ساتھ ایسا رویہ حیران کن ہے۔“

ایک اور صارف نے کہا، ”سیکیورٹی اپنی جگہ، مگر اتنی سختی شاید ضرورت سے زیادہ لگتی ہے۔“

تاہم بعض لوگوں نے اس عمل کا دفاع بھی کیا۔ ایک صارف نے کہا، ”قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، چاہے عام مسافر ہو یا عالمی اسٹار۔“

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ تمام ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایسے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ لیکن جرمن ٹیم کی یہ ویڈیو عام لوگوں میں ایک نئی بحث چھیڑ گئی ہے کہ کیا عالمی کھلاڑیوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک مناسب ہے یا نہیں۔

Read Entire Article