Times of Pakistan

افغان طالبان رجیم کی جنوبی وزیرستان میں شہری آبادی پر گولہ باری، 4 بچے اور خاتون زخمی

1 hour ago 1
ARTICLE AD BOX

پاک فوج نے بلا اشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے سرحد پر افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو نشانہ بنایا: سیکیورٹی ذرائع

شائع 29 اپريل 2026 11:38pm

افغان طالبان رجیم نے ایک بار پھر جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں سول آبادی پر بزدلانہ حملہ کردیا، شہری آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری سے 4 بچے اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بزدل افغان طالبان رجیم نے انگور اڈہ سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں شہری آبادی پر گولہ باری کی، افغانستان کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ انگور اڈہ کے مقامی شہریوں کریم خان اور رحمت اللہ کے گھر پر آکر لگا، شہری آبادی پر بلااشتعال گولہ باری سے 4 بچے اور ایک خاتون شدید زخمی ہوئے جب کہ افغان طالبان کے بزدلانہ حملے میں زخمی تمام بچوں اورخاتون کو ڈی ایچ کیو اسپتال وانا منتقل کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ چند روز قبل بھی اسی علاقے میں افغانستان سے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے تھے، افغان طالبان اور ان سے وابستہ خوارج دہشت گرد مذموم عزائم کے لیے مسلسل عام عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک فوج نے بلا اشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے سرحد پر افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو نشانہ بنایا جب کہ پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی سے بزدل افغان طالبان اہلکار پوسٹیں چھوڑ کے بھاگ نکلے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان رجیم کی جانب سے مسلسل پاکستان میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاک فوج افغان طالبان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے، آپریشن غضب للحق تمام مقررہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔

Read Entire Article