ARTICLE AD BOX
غزہ کی جانب امدادی سامان لے جانے والے بحری بیڑے کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں تیز ہوگئیں، فلوٹیلا ٹریکر کے مطابق اسرائیلی فوج نے’’انڈروس‘‘ نامی کشتی کو غزہ سے 82 ناٹیکل میل دور روک لیا، جبکہ اب تک گلوبل صمود فلوٹیلا کی 61 کشتیوں کو مختلف کارروائیوں میں روکا جا چکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس وقت بھی 9 امدادی کشتیاں غزہ کی جانب رواں دواں ہیں۔ دوسری جانب امدادی بحری بیڑے پر اسرائیلی فورسز کی فائرنگ کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
فلوٹیلا منتظمین اور سامنے آنے والی ویڈیوز کے مطابق اسرائیلی اہلکاروں نے کم از کم دو کشتیوں پر فائرنگ کی۔ لائیو اسٹریمنگ میں اسرائیلی فورسز کو کشتیوں کی جانب فائر کرتے دیکھا گیا، تاہم استعمال ہونے والے گولہ بارود کی نوعیت فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران لائیو گولیاں استعمال نہیں کی گئیں۔
اسرائیلی حکام کے مطابق متعدد انتباہات کے باوجود کشتیوں نے پیش قدمی جاری رکھی جس پر انہیں روکنے کے لیے “غیر مہلک ذرائع” استعمال کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کا مقصد کشتی کو خبردار کرنا تھا، مظاہرین یا کارکنوں کو نشانہ بنانا نہیں۔
اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں، تاہم فلوٹیلا منتظمین نے اسرائیلی اقدام کو انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ غزہ میں جاری انسانی بحران کے باعث مختلف بین الاقوامی تنظیمیں اور کارکنان سمندری راستے سے امداد پہنچانے کی کوششیں کر رہے ہیں، تاہم اسرائیل ماضی میں بھی کئی امدادی مشنز کو بین الاقوامی سمندری حدود میں روک چکا ہے۔
.png)
16 hours ago
1




English (US) ·