ARTICLE AD BOX
افغان طالبان کے زیرِ قبضہ پوزیشنوں سے روسی ساختہ 73 ملی میٹر HGL-9 ہیوی گرینیڈ لانچرز قبضے میں لے لیے گئے
شائع 11 مارچ 2026 08:54pm
آپریشن غضب للحق میں افغان طالبان رجیم کے 641 کارندے ہلاک اور 855 سے زائد زخمی ہوگئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان رجیم کو بھاری جانی اور عسکری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں اب تک 641 افراد ہلاک جبکہ 855 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن غضب للحق میں افغان طالبان رجیم کو نمایاں نقصان پہنچایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران افغان طالبان رجیم کے 641 کارندے ہلاک جبکہ 855 سے زائد زخمی کیے گئے ہیں۔ وزیر اطلاعات کے مطابق اب تک افغان طالبان کی 243 فوجی چیک پوسٹیں تباہ کی جا چکی ہیں جبکہ 42 پوسٹوں پر قبضہ بھی کر لیا گیا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ کارروائیوں کے دوران افغان طالبان رجیم کے 219 ٹینک اور مسلح بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ کی گئیں۔ ان کے مطابق افواج پاکستان کی فضائی کارروائیوں میں افغانستان کے مختلف علاقوں میں 65 مقامات پر اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے دوران ژوب سیکٹر میں افغان طالبان کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد طالبان اہلکار اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر ژوب سیکٹر میں پاک فوج نے افغان طالبان کی پوسٹ نمبر 2 اور 3 کو نشانہ بنایا۔ بروقت اور بھرپور کارروائی کے باعث افغان طالبان اہلکار اسلحہ چھوڑ کر وہاں سے بھاگ گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغان طالبان کے زیر قبضہ پوزیشنوں سے روسی ساختہ 73 ملی میٹر HGL9 ہیوی گرینیڈ لانچر بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائیوں کے باعث افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو پسپائی اختیار کرنا پڑ رہی ہے اور آپریشن اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی باڑ کی حفاظت اور دراندازی روکنے کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی دوران پاک افغان سرحد کے چمن سیکٹر سے ملحقہ علاقے میں 3 سے 4 افراد پر مشتمل ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ذرائع کے مطابق باڑ کاٹنے کی کوشش کرنے والے افراد کو سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور ہلاک جبکہ دیگر زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ موقع سے 4 سے 5 دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور باڑ کاٹنے کا سامان بھی برآمد کیا گیا۔ ان کے مطابق پاک فوج کی بروقت کارروائی کے باعث دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
.png)
2 days ago
2






English (US) ·