Times of Pakistan

آبنائے ہرمز کی بندش: جیٹ فیول بحران سے یورپی ایئرلائنز مشکلات میں آ گئیں

2 weeks ago 3
ARTICLE AD BOX

یورپی ایئرلائنز نے یورپی یونین سے فوری ہنگامی اقدامات اور پالیسی ریلیف کا مطالبہ کیا ہے۔

شائع 14 اپريل 2026 05:36pm

آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث فضائی حدود کی بندش اور سپلائی چین میں رکاوٹوں نے یورپی ایوی ایشن انڈسٹری کو دباؤ میں ڈال دیا ہے، اس صورت حال کے پیش نظر یورپی ایئرلائنز نے یورپی یونین سے فوری ہنگامی اقدامات اور پالیسی ریلیف کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یورپی ایئرلائنز کے نمائندہ گروپ ایئرلائنز فار یورپ نے ایک دستاویز میں یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ بحران سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔ ان اقدامات میں جیٹ فیول کی دستیابی کی نگرانی، ہوا بازی کے لیے کاربن مارکیٹ کی عارضی معطلی اور بعض ٹیکسز میں نرمی شامل ہے۔

ایوی ایشن سیکٹر پہلے ہی 28 فروری سے جاری امریکا-اسرائیل اور ایران تنازع کے باعث متاثر ہے، جس کے نتیجے میں متعدد خلیجی ممالک کی فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں۔ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے یورپی ایئرلائنز کو متحدہ عرب امارات اور قطر سمیت بعض علاقوں میں پروازوں سے روک رکھا ہے۔

صورت حال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب امریکا کی جانب سے آبنائے ہرمز میں ممکنہ ناکہ بندی کا عندیہ دیا گیا، جب کہ اس معاملے پر نیٹو کے اندر اختلافات بھی سامنے آئے۔ برطانیہ اور فرانس نے واضح کیا ہے کہ وہ اس کارروائی میں شامل نہیں ہوں گے، جب کہ یورپی یونین نے اس اہم سمندری راستے کو کھلا رکھنے پر زور دیا ہے کیونکہ اس کی بندش عالمی تجارت اور سپلائی چین کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

ادھر آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشے کے باعث یورپ میں جیٹ فیول کی قلت کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ایوی ایشن انڈسٹری کے مطابق اگر صورت حال برقرار رہی تو چند ہفتوں میں ایندھن کی شدید کمی ہو سکتی ہے۔

ایئرلائنز گروپ نے تجویز دی ہے کہ یورپی یونین مشترکہ طور پر کیروسین (جیٹ فیول) کی خریداری پر غور کرے، جیسا کہ 2022 میں توانائی بحران کے دوران قدرتی گیس کے لیے کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی رکن ممالک کے لیے ہنگامی تیل ذخائر کے قوانین میں ترمیم کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ جیٹ فیول کو واضح طور پر شامل کیا جا سکے۔

مزید برآں ایئرلائنز نے کہا ہے کہ جنگ اور فضائی حدود کی بندش کے باعث پروازوں میں خلل کو قانونی طور پر جائز قرار دیا جائے تاکہ سلاٹس کے استعمال سے متعلق قوانین میں نرمی دی جا سکے۔

یورپی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ 22 اپریل کو توانائی مارکیٹ پر ایران تنازع کے اثرات کم کرنے کے لیے اقدامات کا پیکیج پیش کرے گا، تاہم یہ واضح نہیں کہ اس میں جیٹ فیول سے متعلق مخصوص اقدامات شامل ہوں گے یا نہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر آبنائے ہرمز کی صورت حال میں بہتری نہ آئی تو یورپ کو نہ صرف فضائی آپریشنز بل کہ وسیع تر توانائی بحران کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Read Entire Article