ARTICLE AD BOX
آئی یو سی این کے پلیٹ فارم سے محکمہ کو عالمی سطح پر ہونے والے جدید پالیسی اقدامات تک رسائی حاصل ہوگی، حکام
انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (آئی یو سی این) نے پنجاب کے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کو باضابطہ طور پر اپنی رکنیت دے دی ہے جس کے بعد محکمہ عالمی سطح پر ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی پلیٹ فارم کا حصہ بن گیا ہے۔ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات پنجاب کا کہنا ہے کہ آئی یو سی این نے ماحولیات کے تحفظ اور قدرتی وسائل کی بحالی کیلئے محکمہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اسے بطور رکن تسلیم کیا ہے۔ محکمہ جنگلات وجنگلی حیات کے حکام کے مطابق اس رکنیت کے بعد پنجاب کا محکمہ جنگلات و جنگلی حیات دنیا بھر کی مختلف حکومتوں، ماحولیاتی تنظیموں اور ماہرین کے ساتھ مل کر ماحولیات کے تحفظ، جنگلات اور جنگلی حیات سے متعلق پالیسی سازی اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لے سکے گا۔ حکام کے مطابق آئی یو سی این کے پلیٹ فارم سے محکمہ کو عالمی سطح پر ہونے والی سائنسی تحقیق، ماحولیاتی منصوبوں اور جدید پالیسی اقدامات تک رسائی حاصل ہوگی، جبکہ قدرتی ورثے کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔ واضح رہے کہ آئی یو سی این اس وقت 160 سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے جبکہ 1400 سے زیادہ حکومتیں اور تنظیمیں اس کا حصہ ہیں۔ تنظیم کو ماحولیات اور قدرتی وسائل کے تحفظ اور بحالی کیلئے خدمات کے باعث اقوام متحدہ میں مبصر کا درجہ بھی حاصل ہے۔
.png)
22 hours ago
2




English (US) ·