Times of Pakistan

آئرلینڈ نے پہلی بار بھارت کو ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کر کے تاریخ رقم کر دی

2 hours ago 3
ARTICLE AD BOX

آئرلینڈ نے بھارت کو دوسرے ٹی 20 میں ایک رن سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا، مکمل یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ آئرلینڈ نے نہ صرف بھارت کو کسی بھی فارمیٹ میں سیریز ہرائی بلکہ ٹی 20 ورلڈ کپ چیمپئن ٹیم کو دوطرفہ ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کرنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی۔

اتوار کو بیلفاسٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ کا ٹاس بھارت نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

آئرلینڈ کی جانب سے ہیری ٹیکٹر 53 اور بن کالٹز 37 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ اس کے علاوہ دیگر بلے بازوں میں جارج ڈوکریل 19، راس ایڈیر 16 اور کپتان لورکن ٹکر 15 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے پرنس یادیو نے 3، ارشدیپ سنگھ اور شیوم دوبے نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ہرشیت رانا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

آئرلینڈ کی جانب سے دیے گئے 155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز پر ہمت ہار گئی۔

بھارت کی جانب سے تلک ورما 55 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ ہرشیت رانا نے 21 اور شیوم دوبے نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ اکشر پٹیل 14، ایشان کشن 12 اور شریاس ایئر 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

آئرلینڈ کی جانب سے جے موندرا اور میٹ ہولارڈ نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ میتھیو ہمفریز اور ہیری ٹیکٹر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آئرلینڈ نے بھارت کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں میچز جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ میزبان ٹیم نے دوسرے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو ایک رن سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری کے ساتھ کلین سوئپ بھی مکمل کیا۔

یہ آئرلینڈ کی بھارت کے خلاف نہ صرف پہلی سیریز فتح ہے بلکہ پہلی مرتبہ کسی بھی فارمیٹ میں بھارتی ٹیم کو مکمل وائٹ واش کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اس کامیابی کے ساتھ آئرلینڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپئن بھارتی ٹیم کو دوطرفہ ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

دوسری جانب بھارتی کپتان شریاس ایئر کے لیے یہ سیریز ایک ناپسندیدہ ریکارڈ ثابت ہوئی۔ گزشتہ میچ میں بھارت کو آئرلینڈ کے خلاف کسی بھی فارمیٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ اب ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے پہلی بار آئرلینڈ کے ہاتھوں ٹی 20 سیریز بھی گنوا دی اور کلین سوئپ کا سامنا کیا۔

آئرلینڈ کی کامیابی میں ٹیم کی منظم بولنگ، بے خوف بیٹنگ اور پوری سیریز میں مستقل مزاج کارکردگی نے اہم کردار ادا کیا۔ میزبان ٹیم نے دونوں میچوں میں بھارت کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے اپنی مسلسل ترقی کا عملی ثبوت پیش کیا۔

آئرلینڈ کی اس تاریخی کامیابی کو ملکی کرکٹ کی بڑی کامیابیوں میں شمار کیا جا رہا ہے جب کہ بھارتی ٹیم کے لیے یہ سیریز مایوس کن نتائج اور نئے سوالات چھوڑ گئی ہے۔

یاد رہے بھارت کو پہلے ٹی 20 میچ میں بھی آئرلینڈ کے ہاتھوں 34 رنز کے بڑے مارجن سے اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Read Entire Article