ARTICLE AD BOX
کراچی میں آئندہ چند روز کے دوران گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
شہر قائد سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے امکانات کو مسترد کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کئی شہروں میں گرمی کی شدت معمول سے زیادہ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اس کے علاوہ دادو اور جیکب آباد میں 48 ڈگری جبکہ تربت اور موہنجو داڑو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت نوٹ کیا گیا۔ سکھر، نواب شاہ اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک رہا جبکہ ملتان اور بہاولپور میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری، پشاور میں 42 ڈگری جبکہ اسلام آباد اور مظفرآباد میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح کراچی اور کوئٹہ میں درجہ حرارت 37 ڈگری جبکہ گلگت میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری گرمی کی لہر کم از کم 12 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ خاص طور پر سندھ کے بیشتر اضلاع میں درمیانی سے شدید درجے کی گرمی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران شہر میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے اور 12 جون تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان موجود ہے۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جس کے باعث گرمی کا احساس اس سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔
.png)
11 hours ago
2




English (US) ·