ARTICLE AD BOX
ورلڈ کپ 2026 میں شریک عمر رسیدہ کھلاڑیوں کی تعداد گزشتہ تمام 22 ورلڈ کپ کی مجموعی تعداد سے بھی زیادہ ہے
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں فٹ بال کی تاریخ کا ایک انوکھا اور تاریخی ریکارڈ قائم ہونے جا رہا ہے۔ کینیڈا، امریکا اور میکسیکو میں ہونے والے میگا ایونٹ میں 40 سال یا اس سے زائد عمر کے ریکارڈ آٹھ کھلاڑی شریک ہوں گے، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک منفرد اور غیر معمولی ریکارڈ ہے۔
یہ تعداد گزشتہ تمام 22 فیفا ورلڈکپ میں شریک ہونے والے ایسے کھلاڑیوں کی مجموعی تعداد سے بھی زیادہ ہے۔
فٹ بال کے گزشتہ 22 عالمی ایونٹس میں (1930 سے 2022 تک) مجموعی طور پر صرف 7 کھلاڑی ایسے تھے جو 40 سال سے زائد عمر کے باوجود ورلڈ کپ میں شریک ہوئے تھے۔ عمر رسیدہ کھلاڑیوں میں عام طور پر گول کیپرز شامل ہوتے ہیں۔
تاہم ورلڈکپ 2026 میں ریکارڈ تعداد میں عمر رسیدہ کھلاڑیوں کی شمولیت ثابت کرنے جارہی ہے کہ عمر صرف ایک ہندسے سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔
اسکاٹ لینڈ کے گول کیپر، 43 سالہ کریگ گورڈن اس ورلڈ کپ کے سب سے معمر ترین کھلاڑی ہوسکتے ہیں۔ رپورٹس میں کریگ گورڈن کو متبادل گول کیپر کے طور پر ٹیم کا حصہ قرار دیا جارہا ہے تاہم اگر وہ میدان میں اترتے ہیں تو وہ ورلڈ کپ تاریخ کے دوسرے معمر ترین کھلاڑی بن جائیں گے۔
یاد رہے کہ ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی کی عمر اس ورلڈ کپ کے دوران 38 سال ہے اور وہ بھی اپنا چھٹا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں۔
فیفا ورلڈکپ کی تاریخ کے عمر رسیدہ ترین کھلاڑی عصام الحضری ہیں، جنہوں نے 2018 کے ورلڈ کپ میں 45 برس کی عمر میں مصر کی نمائندگی کی تھی۔
فٹبال لیجنڈ اور پرتگال کے سُپر اسٹار 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اس ورلڈ کپ کے معمر ترین آؤٹ فیلڈ کھلاڑی ہوں گے۔ وہ اپنے کیرئیر کا چھٹا ورلڈ کپ کھیل کر ایک اور عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیں گے۔
رواں سال ورلڈکپ میں 40 سالہ کھلاڑیوں کے کلب میں کروشیا کے جادوگر مِڈ فیلڈر لوکا موڈرچ شامل ہیں جو اپنے 5 ویں ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ بوسنیا کے مایہ ناز اسٹرائیکر ایڈن ڈزیکو بھی ایکشن میں ںظر آئیں گے۔
اس فہرست کے دیگر کھلاڑیوں میں پہلی بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی افریقی ٹیم کیپ ورڈے کے گول کیپر ووزنہا بھی شامل ہیں جب کہ 2014 میں جرمنی کو ورلڈ کپ جتوانے والے معروف گول کیپر 40 سالہ مینوئل نوئیر بھی ایک بار پھر میدان میں ہیں۔
اسی طرح یوراگوئے کے گول کیپر فرنینڈو موسلیرا اپنی ٹیم کے پہلے گروپ میچ کے اگلے روز 40 ویں سالگرہ منائیں گے۔ میکسیکو کے مشہور گول کیپر گیلرمو اوچوا بھی چالیس برس کی عمر میں اپنے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں۔
یاد رہے کہ فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں گول کرنے والے معمر ترین کھلاڑی کا اعزاز کیمرون کے روجر مِلا کے پاس ہے، جنہوں نے 1994 کے ورلڈ کپ میں 42 برس کی عمر میں گول کرکے تاریخ رقم کی تھی اور آج بھی فائنلز میں گول کرنے والے معمر ترین کھلاڑی ہیں۔
.png)
1 hour ago
2







English (US) ·